سچی محبت چیک کرنے کے آٹھ طریقے - EIGHT WAYS TO CHECK TRUE LOVE
Most friends complain that they have not found true love. Such people stumble from door to door in search of true love. They get married four times. They have fifteen or twenty children but they can't find true love. In fact, if anyone in the whole world knows about true love, it is me. As always, I have tried today. As a living legend, I would like to guide the ladies and gentlemen who are wandering in search of love so that springs may come in their lives.
اکثر احباب کو یہ شکوہ رہتا ہے کہ انہیں سچی محبت نہیں مل سکی۔ ایسے لوگ سچی محبت کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھاتے ہیں۔ چار چار شادیاں کرتے ہیں۔پندرہ بیس بچے پیدا کرتے ہیں لیکن انہیں سچی محبت نہیں مل پاتی۔اصل میں سچی محبت کے بارے میں پوری دنیا میں اگر کوئی جانتا ہے تو وہ صرف میں ہوں۔ہمیشہ کی طرح میں نے آج بھی کوشش کی ہے کہ میں ایک Living legend کی حیثیت سے محبت کی تلاش میں سرگرداں خواتین وحضرات کی رہنمائی کروں تاکہ ان کی زندگی میں بہاریں آسکیں۔
1 ۔پاکستانی طریقہ: کوشش کریں کہ محبت دل کی بجائے دماغ سے کریں یعنی کسی امیر کبیر باپ کی اکلوتی اور معذور لڑکی ڈھونڈیں‘ لڑکی اگر کالی کلوٹی بھی ہو تو اسے جیک پاٹ سمجھیں اورپہلی فرصت میں خود کو شہادت کے لیے پیش کر دیں۔جونہی آپ کی شادی ہوگی آپ پر نوازشات کی بارش ہوجائے گی اورسب لوگ آپ کی تعریف کریں گے کہ کتنا فرشتہ صفت انسان ہے۔آپ بے شک بیگم کا چہرہ تک دیکھنا گوارا نہ کریں لیکن اسے روز یہ جملہ ضرور کہیں کہ مجھے تم سے سچی محبت ہے۔ان شاء اللہ اس طریقے پر عمل کرنے کے ٹھیک ایک سال بعد آپ خود بھی کھاتے پیتے شمار ہوں گے اور پھرڈیڑھ دو درجن سچی محبتیں آپ کے آگے پیچھے ہوں گی۔
2۔انگریزی طریقہ:یہ بڑا آزمودہ طریقہ ہے اور ہر دور میں کامیابی سے ہمکنار ہوتا آیا ہے یعنی جس سے آپ محبت کرتے ہیں اس سے صرف محبت کریں ،شادی مت کریں، کرنی بھی ہو توکم ازکم اُس سے مت کریں جس سے محبت ہے،سیانے کہتے ہیں شادی محبت کا المناک انجام ہوتاہے لہٰذا اگر آپ شادی سے پرہیز فرمائیں گے توان شاء اللہ سچی محبت نہ صرف تاقیامت قائم رہے گی بلکہ آپ کو ہروقت احساس بھی ہوتا رہے گا کہ’’ غلام فریدا دِل اوتھے دیئے، جتھے اگلا قدر وی جانے‘‘۔
3 ۔برفانی طریقہ: جس سے آپکو محبت ہے اس کی شادی کسی اور سے کروا دیں، ساری زندگی اس کی محبت آپ کے دل سے نہیں نکل پائے گی تاہم سیانے اس طریقے کا ایک اہم خطرہ بیان کرتے ہیں کہ اکثر ایسی سچی محبت کرنے سے انسان جھوٹی محبت سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتا ہے لہٰذا کوشش کریں کہ اِس سچی محبت کا ذکر کسی کم ظرف سے نہ کریں ورنہ اکثر لوگ دوست احباب میں اپنی بچھڑ جانے والی سچی محبت کا ذکر اِس تواتر اور جذباتیت سے کرتے ہیں کہ سننے والے بھی اسی کیفیت کا شکار ہوجاتے ہیں۔میرا ایک دوست ایک محترمہ سے محبت کرتا تھا‘ شادی نہ ہوسکی، اب ہر وقت اس کا اتنا ذکراور خوبیاں بیان کرتا ہے کہ اب میں اُس کی محبت کو اُس سے بھی زیادہ Miss کرتا ہوں۔
4 ۔وائی فائی طریقہ: اگر کوئی آپ سے سچی محبت کا دعویدار ہے تو اس سے وائی فائی کا پاس ورڈ مانگیں۔ مل جائے تو سمجھ جائیں کہ یہ جھوٹی محبت ہے ‘ بھلا یہ بھی کوئی طریقہ ہے محبت چیک کرنے کا!!
5 ۔تحقیقی طریقہ: سچی محبت چیک کرنے کے لیے اپنے محبوب کا موبائل روز چیک کیا کریں‘ اگر تو موبائل میسجز کائونٹر میں بھیجے گئے اور آئے ہوئے میسجز کی تعداد پانچ سو Show ہورہی ہو تو سمجھ جائیں کہ آپ کا محبوب محبت کے نام پر آپ کو ماموں بنا رہا ہے۔
6 ۔بمباسٹک طریقہ: یہ ذرا مشکل طریقہ ہے لیکن رزلٹ سو فیصد ملتا ہے ۔پانچ کلو سپر کرنل باسمتی چاول لے کر صاف پانی میں اُبلنے کے لیے رکھ دیں اور ساتھ تھوڑا سا دھنیا بھی ڈال دیں‘ چاول گل جائیں تو ان میں تین چھٹانک کالا زیرہ اور تھوڑا سا اجینو موتو ڈال کردو چٹکی دار چینی ڈال دیں۔ ٹھیک آدھے گھنٹے بعد بیس کلو پسی ہوئی سرخ مرچیں ڈال کر آدھے گھنٹے کے لے دم پر رکھ دیں۔ پھر اپنے محبوب کو بلائیں اور اسے یہ محبت بھری ڈش کھانے کے لیے پیش کریں۔ اگر محبوب اس کا پہلا چمچ لیتے ہی فرش پر گر کر تڑپنے لگے تو جلدی سے اس کے منہ سے ادا ہونے والے آخری الفاظ پر غور کریں۔ اگر محبوب کے منہ سے I love you نکلے تو سمجھ لیں کہ وہ آپ سے سچی محبت کرتاہے اور اگر گالیاں سننے کو ملیں تو اپنی قسمت پر صبر کرتے ہوئے اس کے منہ میں دو چمچ چاول زبردستی ڈال دیں۔
7 ۔دنیاوی طریقہ : اپنے محبوب سے ہر تیسرے روز سو روپے والا کارڈ لوڈ کروائیں‘ اگر وہ بھی کسی دن آپ سے یہی فرمائش کر دے تو سمجھ جائیں کہ اُس کی محبت جھوٹی اور آپ کی سچی ہے۔ایک اور بھی ضمنی طریقہ ہے کہ محبوب سے بینک ا سٹیٹمنٹ طلب کرلیں۔ مجھے پورا یقین ہے بینک اسٹیٹمنٹ پرمحبوب کے بیلنس کو دیکھتے ہی آپ کو فیصلہ کرنے میں آسانی ہوجائے گی کہ یہ زیادہ سے زیادہ کتنی سچی محبت کر سکتا ہے۔
8 ۔ظالمانہ طریقہ: فرائی پین لے کر زور سے محبوب کے سر پر ماریں‘ اگر وہ چیخ مارے تو ظاہری بات ہے وہ آپ سے سچی محبت نہیں کرتا‘ لیکن اگر وہ مسکراتے ہوئے آپ کے قریب آکر دوسری بار فرائی پین کھانے کی فرمائش کرے تو بخدا یقین کرلیں کہ یہی وہ سچی محبت ہے جس کی آپ کو تلاش تھی۔تاہم اس طریقے میں ایک احتیاط ضروری ہے۔ چیک کرلیں کہ محبوب واقعی آپ کا فرائی پین کھانے کے بعد خوش ہے یا ڈرامہ کر رہا ہے؟
ہم سب سچی محبتیں ڈھونڈتے ہیں لیکن خود کسی سے سچی محبت نہیں کرنا چاہتے۔کیا ایسا ممکن ہے کہ اس دنیا میں کوئی ایسا بھی ہو جو ہماری تمام تر بےپروائیوں اور گستاخیوں کے باوجود ہم سے ٹوٹ کر پیار کرے؟ہماری ہر غلطی پر ہمیں سینے سے لگائے، جو اپنے حصے کی دعائیں بھی ہمارے کھاتے میں ڈال دے۔ جی ہاں…ایک ہستی ہے لیکن اکثر جن خوش نصیبوں کو میسر ہے، اُنہیں احساس ہی نہیں!
۔گل نو خیز اختر
0 Comments